نام:- ضیاء المصطفی محمّد اسماعیل یارعلوی
تخلص:- اسد ؔہاشمی
جائے پیدائش:- مالیگاؤں
تاریخ پیدائش:- 1986-03-28
رہا…
اسد ؔھاشمی : فن و شخصیت
نام:- ضیاء المصطفی محمّد اسماعیل یارعلوی
تخلص:- اسد ؔہاشمی
جائے پیدائش:- مالیگاؤں
تاریخ پیدائش:- 1986-03-28
رہائش:- عباس نگر ۔ مالیگاؤں (ناسک)
پیشہ:- صنعت پارچہ بافی سے منسلک
مشغلہ:- اردو شعر و سخن کے استاد شعرائے کرام کو پڑھنا ادبی مشاعروں اور نشستوں میں شرکت کرنا۔اسدؔ ہاشمی صاحب کا شمار شہر مالیگاؤں کے ان نوجوان شعرائے کرام میں ہوتا ہے جو اردو شعر و سخن کی محفلوں میں اکثر و بیشتر سرگرم عمل رہتے ہیں۔اسدؔ ہاشمی صاحب تقریبًا شعر و ادب کی ہر صنف پر دسترس رکھتے ہیں۔ موصوف نے اپنی شاعری کی ابتداء 2001ء میں کی۔ اور اسکے بعد سے شہر مالیگاؤں میں منعقد تقریبًا ہر ادبی نشستوں کی زینت بنے رہتے ہیں۔موصوف کی ہی فاؤنڈر شپ میں بزم تنویر ادب جو کہ اردو شعر و سخن خصوصًا نوجوان اور نو مشق شعرائے کرام کے فن کو نکھارنے کیلئے تشکیل دیا گیا ہے الحمد اللہ کامیابی کیساتھ اپنےپانچ سال مکمل کرچکا ہے۔اسدؔ ہاشمی صاحب اکثر و بیشتر بیرون مشاعروں میں بھی شرکت کرتے ہیں۔،، یاد،، کے بعدزندگی نے وفا کی تو موصوف کا دوسرا شعری مجموعہ "عارضِ تاباں"
کی شکل میں احباب ذوق نظر کی بصارتوں کے درمیاں ہوگا۔آئیے ان کے نمونہ کلام سے مستفیض ہوتے ہیں۔
حمدیہ رنگ
اے خدا روزِ ازل سے اس چراغِ طور تک
تو ہی تو آیا نظر میری نظر کو دور تک
نورِ حق سنتے ہیں تیری اک جھلک کے واسطے
سولیوں پہ چڑھ گئے تھے سرمد و منصور تک
نعتیہ رنگ
کہتی ھے سانسوں کی سرگم صلی اللہ علیہ وسلم
آپ کے قدموں میں نکلے دم صلی اللہ علیہ وسلم
آپ کے ہر عاشق کی نظر میں شہر مدینہ ایسا ہے
جیسے گُلوں پہ صبح کی شبنم صلی اللہ علیہ وسلم
غزلیہ رنگ
یہ سچ ہے مری جان کہ نایاب ہیں آنکھیں
چاہت کی کتابوں کا حسیں باب ہیں آنکھیں
پروازئ رفتار کو میں دیکھ کے سوچوں
شاہینِ زمانہ ہیکہ سرخاب ہیں آنکھیں